رات یا دوپہر کے کھانے کے دوران ٹیلی ویژن یا ریڈیو کو بند کرنا جسمانی وزن میں کمی میں مدد دیتا ہے کیونکہ اپنے چبانے کی آواز آپ کو زیادہ کیلوریز جسم کا حصہ بنانے نہیں دیتی۔
یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
کولوراڈو یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق خاموش ماحول میں کھانا جسمانی وزن میں کمی کے لیے فائدہ مند ہے کیونکہ اس سے خوراک کے حوالے سے شعور بڑھتا ہے اور مقدار پر نظر رہتی ہے۔
محققین کے مطابق اپنے چبانے کی آواز لوگوں کے لیے غذا کی مقدار کے حوالے سے اہم اشارہ ثابت ہوتی
ہے۔
اس حوالے سے کیے جانے والے 3 تجربات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ چبانے کی آواز لوگوں کو کم کھانے پر مجبور کرتی ہے۔
تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چبانے کی آواز جتنی پرشور ہوگی لوگ اتنا ہی کم کھائیں گے۔
محققین کے خیال میں ٹی وی کی آواز لوگوں کا دھیان غذا سے ہٹا دیتی ہے اور وہ عام معمول سے زیادہ کھالیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بظاہر تو یہ غذا زیادہ نہیں لگتی یعنی آدھی روٹی اضافی مگر ایک ہفتے، مہینے یا سال کا اضافہ کریں تو بہت زیادہ مقدار ہوتی ہے۔
یہ تحقیق طبی جریدے فوڈ کوالٹی اینڈ پریفرینس میں شائع ہوئی۔